علی امین کو مریم نواز سے خدمت کی سیاست سیکھنی چاہیے : عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیانیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ خوشی کی بات ہے مریم نواز کے اچھے کاموں کو علی امین گنڈا پور کی سرکار فالو کر رہی ہے، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ علی امین کو خدمت کی سیاست مریم نواز سے سیکھنی چاہیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم خوش ہیں کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کو بھی سستی روٹی ملے گی ، امید ہے خیبر پختونخوا کے لوگوں کو جلد ایئر ایمبولنس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اب مجھے 100 فیصد یقین ہو گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت مریم نواز کے ویژن سے بے حد متاثر ہے ، ہم چاہتے ہیں جیسی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو میسر ہیں،  ایسی ہی سہولیات کے پی کے لوگوں کو بھی ملنی چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو بھی سستی روٹی اور ایئر ایمبولینس کی سہولت ملنی چاہیے، محرومیاں تب ہی ختم ہوتی ہے جب ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امید ہے علی امین گنڈاپور بزدار، خٹک اور محمود خان کے نقشے قدم پر نہیں چلیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کرینگے، رشتے داروں کی جیبیں نہیں بھریں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں