عطاءاللہ تارڑ سے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد کی ملاقات، باہمی امور تبادلہ خیال

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے پاکستان کے دورہ پر آئے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے  پاکستان میں آزادی اظہار رائے، حکومت کے معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے ملاقات کے دوران بنگلہ دیشی صحافیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد معاشی اشاریے مثبت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیش گوئی کر رہے ہیں، حکومت پاکستان میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے، یہ منصوبے نہ صرف معیشت کو فروغ دیں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان میں ٹیکس نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں کے پھیلاﺅ کے لئے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

عطاءاللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی صحافیوں کے مشکور ہیں کہ وہ پاکستان پر آئے اور حکومت کے معاشی اقدامات کے بارے میں جاننے میں دلچسپی لی۔

آخرمیں بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے پاکستان میں میزبانی اور تعاون کی فراہمی پرحکومت پاکستان، وزارت اطلاعات اور صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کیا، وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت اچھا لگا، اس طرح کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں