پاکستان امریکا کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، جسٹس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن، گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر گفتگو کی گئی، فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر ترقی کر رہا ہے، خواہش ہے پاکستان اور امریکہ کے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات میں اضافہ کے خواہاں ہیں، امریکی اشتراک سے گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر کام کرنا چاہتے ہیں، ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی ماہرین کا تبادلہ اہم ہے، موجودہ حکومت کی توجہ ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے، نیشنل ڈیجیٹلائزیشن پلان کے تحت اکانومی، گورننس، سوسائٹی کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کنیکٹوٹی، معیاری براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کا ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں