پاکستان امن اور انصاف کے حصول کے لئے پرعزم ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور انصاف کے حصول کے لئے پرعزم ہے اور ہم ایسے مستقبل کی تعمیر کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں امن ہو اور انسانیت پھلے پھولے۔

اقوام متحدہ کے تحت قیام امن کے لئے خدمات انجام دینے والوں کےعالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدمات سرانجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امن دستوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں سے خصوصی تشکر کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے دنیا میں امن برقرار رکھنے کے لئے اہم کردارادا کیا، ہماری بہادر خواتین سمیت 2 لاکھ 30 ہزار فوجی اہلکاروں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے 64 سالوں میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان میں ہمارے 181 شہدا بھی شامل ہیں جنہوں نے عالمی امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم انہیں بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں