غزہ پر اسرائیلی فوج کے 24 گھنٹوں میں مزید حملے، 5 بچے شہید

غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ میں اسرائیلی مظالم کے شکار فلسطینیوں نے اسرائیلی بمباری سے تباہ مساجد اور عمارتوں کے ملبے پر نماز عید ادا کی جبکہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 5 بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوگئے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مسجد اقصیٰ میں نماز عید کی ادائیگی پر بھی پابندیاں برقرار ہیں اور فلسطینی جوانوں کا داخلہ روک دیا گیا۔

اسرائیلی فورسز نے نمازیوں پر بھی حملہ کیالیکن وہ فلسطینیوں کے حوصلے نہ توڑ سکے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کا شکار بے گھر بچیوں نے عید پر گیت گائے۔

خلیجی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 5 بچے شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے عید الاضحیٰ کے روز بھی 40 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا جس کے بعد اب تک شہدا کی تعداد 37337 ہوگئی ہے۔

اتوار کے روز غزہ میں جنگ کے دوران یہ اب تک کی دوسری عید تھی، جس دوران اسرائیلی فوج نے اپنی جنگی کارروائیاں اور حملے جاری رکھے ہیں اور بین الاقوامی سطح سے جنگ بندی کی تمام اپیلوں کو نظر انداز کیا۔

وزارت صحت غزہ کے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک زخمی فلسطینیوں کی تعداد 85229 تک پہنچ چکی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں