غزہ میں پائیدار امن اسرائیل کے تعاون پر منحصر ہے: مصری وزیر خارجہ

قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں امن اور استحکام کی کامیابی بڑی حد تک اسرائیل کے تعاون پر منحصر ہے کیونکہ معاہدے پر عملدرآمد اور پائیدار امن کے لیے تعمیلاتی اقدامات ضروری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری وزیرِ خارجہ نے زور دیا ہے کہ غزہ امن معاہدے کی شقوں پر مکمل عملدرآمد، پھر چاہے وہ جنگ بندی ہو، فریقین کی ذمہ داریوں پر عمل ہو یا انسانی امداد کی رسائی ہو، وہ امن کے لیے ضروری ہے اور اس میں اسرائیل کا تعاون ایک کلیدی عنصر ہے، بالخصوص معاہدے کی شقوں کا احترام اور اس کے اہداف کا حصول۔

بدر عبدالعاطی نے کہا ہے کہ معاہدے کی مکمل شقوں پر عمل ہونا چاہئے تاکہ جنگ بندی مستحکم ہو، پھر معاہدے کے دوسری مرحلے کی طرف بڑھا جا سکے، اس تناظر میں اگر اسرائیل کچھ اہم نکات پر تعاون نہ کرے تو امن منصوبے کی کامیابی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

مصر اور قطر سمیت دیگر ثالث ممالک نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ امن معاہدے کی کامیابی صرف دستاویز پر دستخط تک محدود نہیں بلکہ عملی نفاذ، فریقین کی رضامندی اور بین الاقوامی کمیونٹی کے دباؤ سے ممکن ہے، جس میں اسرائیل کا تعاون ناگزیر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں