وزیراعظم کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کا نظریہ ہے: مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعت کار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 100 دن میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور مریم نوازشریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بے مثالی کام کیا ہے، وزیراعظم کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب بند ہوچکا ہے، شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑا اٹھایا، بہادری، دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لیجا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعتوں کے لئے بجلی کی لاگت کم ہونے سے کاروبار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، پٹرول کی قیمت میں اب تک 35 روپے کی کمی عوام سے وعدوں کی تکمیل اور خوشحالی کی نوید ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں