ناجائز منافع خوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے: بلال یاسین

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 730 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی، آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافے، وزن اور معیار میں کمی پر ڈیلرز اور ملز کو 4 لاکھ سے زائد جرمانے اور لائسنس معطل کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ناقص صفائی، غیر معیاری سٹوریج اور نامکمل لیبلنگ پر بھی کارروائیاں کی گئیں، لاہور ڈویژن میں 75، فیصل آباد میں 68 اور ساہیوال میں 55 مقامات چیک کئے گئے، راولپنڈی ڈویژن میں 72، سرگودھا میں 86 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔

صوبائی وزیر خوراک کے مطابق ملتان ڈویژن میں 75، ڈی جی خان میں 55 اور بہاولپور میں 69 پوائنٹس کو چیک کیا گیا، گجرات ڈویژن میں 89 جبکہ گوجرانوالہ میں 66 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ متعدد شہروں میں گندم کی قیمتوں میں 100 روپے تک کمی مثبت عمل ہے، ہر شہر میں 10 اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے وافر دستیاب ہیں، آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور لائسنس معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں