دانش سکولز نیٹ ورک کو ملک بھر میں تیزی سے پھیلایا جائے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش سکولز نیٹ ورک کو ملک بھر میں تیزی سے پھیلایا جائے گا۔

اسلام آباد وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف نے میٹرک امتحانات میں بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دانش سکول کے طالب علم محمد آیان کاشف سے ملاقات کی اور آیان کاشف کو بورڈ کے امتحانات میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایان کاشف بیٹا آپ کو بہت مبارک ہو! ایان کاشف کے والد دنیا میں نہیں ،والدہ نے پالا ہے، ایان کاشف کے اساتذہ کی بڑی محنت ہے، آپ قوم کا درخشندہ ستارہ ہیں، دانش سکول کے بچوں کو ہنر مند بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دانش سکول سسٹم میں آپ نے خود کو ایک درخشندہ ستارہ ثابت کیا، دانش سکول سسٹم پاکستان کے دوسرے حصوں میں لے کرجارہے ہیں، ہم نے اسلام آباد میں دانش سکولوں کیلئے زمین تلاش کرلی ،بجٹ بھی رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چار دانش سکول قائم کیے جائیں گے، یہ سکول سابق فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی قائم کیے جائیں گے، زراعت، آئی ٹی، سمال انڈسٹریز اور فری لانسنگ میں بچوں کی کھیپ تیار کرنا ہمارا فرض ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کے قیام کا بنیادی مقصد پسماندہ مالی پس منظر کے طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے قابل بنانا تھا،ان سکولوں کے اساتذہ کو بازار کے حساب سے تنخواہیں دی جاتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس ملکی ترقی کی کنجی ہے، حکومت زراعت، صنعتوں اور آئی ٹی جیسے شعبوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ان کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دے رہی ہے، خوشی ہے مریم نواز صاحبہ بھی اس ویژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے محمد آیان کاشف کو 10 لاکھ روپے کا چیک اور ایک لیپ ٹاپ دیا جس پر انہوں نے دانش سکولوں کے قیام کے وزیراعظم کے ویژن کو سراہا۔

اس موقع پر ایان کاشف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دانش سکول جیسے بہترین ویژن کا مشکور ہوں، دانش سکول میں اچھا کھانا ملتا ہے، سکول میں تعلیم و تربیت کا بہترین نظام ہے، خواہش ہے دانش سکول کو یونیورسٹی کی سطح تک بڑھایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں