سویڈش اوپن ٹینس ٹورنامنٹ: رافیل کو فائنل میں اپ سیٹ شکست، بورجیس ٹائٹل لے اڑے

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سویڈش اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، پرتگال کے پلیئر نے رافیل نڈال کو شکست دے دی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو سوئیڈن میں کھیلے گئے سویڈش ٹینس اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل میں سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال کو بڑے اپ سیٹ کے بعد شکست ہو گئی، رافیل نڈال نے دو سال بعد کسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

پرتگال کے بورجیس نے رافیل نڈال کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، بورجیس نے کریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ جیتا ہے، سویڈش اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پرتگالی پلیئر نے سابق عالمی نمبر ون رافیل نڈال کو 6-3، 6-2 سے مات دی۔

37 سالہ رافیل نڈال گزشتہ سال کے آغاز سے انجریز کا سامنا کر رہے ہیں اور انہوں نے فرنچ اوپن 2022ء کے بعد پہلی بار فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن وہ بورجیس کیخلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

اپنا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے نونو بورجیس نے اعتراف کیا ہے کہ سب کی طرح وہ بھی نڈال کو فاتح دیکھنا چاہتے تھے لیکن ان کے اندر کی کسی چیز نے انہیں ٹائٹل جیتنے پر مجبور کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں