امیر جماعت اسلامی کا مطالبات نہ ماننے پر ڈی چوک اور پارلیمنٹ ہاؤس جانے کا اعلان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے تو ہم ڈی چوک جائیں گے اور پھر پارلیمنٹ ہاؤس بھی جا سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے میں موجود تمام نوجوانوں، ماؤں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ دھرنا 2 یا 3 دن کا دھرنا نہیں، ایک سے دو مہینے کا بھی ہوسکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارا مطالبات نہ ماناے تو یہ دھرنا جاری رہے گا، ہم حق لینے کیلئے آئے ہیں، ہم 25 کروڑعوام کا حق لینے آئے ہیں، یہ دھرنا مایوسی کو ختم کر دے گا اور یقین کا چراغ جلائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دھرنا یہاں ہو رہا ہے لیکن پاکستان کا چپہ چپہ آپ سے امید لگا کر بیٹھا ہے، حکومت نے چاروں طرف کنٹینر لگا کر راستہ بند کر دیا ہے، دھرنا بھی ساتھ چلے گا اور مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام سے کہہ رہا ہوں کل یہاں تاریخی جلسہ عام ہوگا، حکومت صرف اقتدار بچانے میں لگی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں