ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر پیرس اولمپکس کی سکیورٹی مزید سخت
پیرس: (ویب ڈیسک)پیرس اولمپکس میں دہشتگردی کے امکانات بڑھ جانے کے بعد حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔
اولمپک مقابلوں کے دوران سٹیڈیم کے قریب مقام پر مشکوک چیز ملنے پر بم الرٹ جاری کیا گیا،اس وقت سٹیڈیم پہلا سیشن مکمل ہونے کے بعد خالی ہو چکا تھا، قریبی ریلوے سٹیشن کو سکیورٹی کے پیش نظر بند کردیا گیا۔
دوسری جانب فرنچ وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین کا کہنا ہے کہ حکام کو اولمپک گیمز کے پہلے ہفتے میں دہشت گردی کے کسی بڑے خطرے کا پتہ نہیں چلا ،انہی دنوں سکیورٹی فورسز نے مختلف جرائم میں تقریباً 200 افراد کو گرفتار کیا ہے، ان میں کچھ ممکنہ حملہ آور ہوسکتے تھے۔
دوسری طرف پیرس گیمز کے دوران شہر میں تشدد کے واقعات میں 24 فیصد اور کار چوری کی وارداتوں میں 10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔