ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے بنگلا دیش میں انعقاد پر خدشات برقرار

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے بنگلا دیش میں انعقاد پر خدشات برقرار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ایونٹ کی میزبانی کا گرین سگنل نہیں دیا، آئی سی سی ٹریول وارننگ ختم ہونے کا منتظر ہے۔

4 ممالک کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے ایونٹ بنگلا دیش میں مشکل دکھائی دے رہا ہے، 4 ممالک کی ٹریول ایڈوائزری میں بنگلا دیش کا سفر نہ کرنا شامل ہے۔

بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے حالیہ واقعات کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری جاری کی، چاروں ممالک کے ٹریول ایڈوائزری سے دستبردار ہونے کی صورت میں ہی ایونٹ بنگلا دیش میں ہو گا۔

دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ میزبان ہونے کی حیثیت سے آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں، 4 ممالک کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے خدشات پائے جاتے ہیں، ایڈوائزری برقرار رہتی ہے تو ایونٹ کی میزبانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وقت بہت کم ہے، آئی سی سی کو جلد فیصلہ کرنا ہے، آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے فیصلہ 20 اگست کو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ایونٹ 3 اکتوبر سے بنگلا دیش میں شروع ہونا ہے، بھارت آئی سی سی کی ایونٹ کی میزبانی کی پیشکش ٹھکرا چکا ہے جبکہ زمبابوے نے ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ دوسرا امیدوار متحدہ عرب امارات ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں