سندھ رینجرزاور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

کراچی: (دنیانیوز) پاکستان رینجرزسندھ اورسٹی ڈسٹرکٹ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات پرلیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اورسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سید جواد شاه اور سردار محمد عرف کانیا کےنام سےکی گئی ، ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیاگیا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ ملزم سید جوادشاہ نے ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے ، جنوری 2022 میں ملزم سید جواد شاہ نے ملزم وحید اور وقاص کے ہمراہ ناظم آباد نمبر 2 پٹرول پمپ پر ڈکیتی کی تھی ، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم سردار محمد عرف کانیا افغانی ساتھیوں امیر ، سخی اور جابر افغانی کے ہمراہ شہریوں کو لوٹتے اور تشدد کا نشانہ بناتے تھے ، افغان ڈکیت حکیم عرف چیچو گینگ کارروائیوں اور گرفتاریوں کے بعد سے ملزم ایران فرار ہو گیا تھا۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزم حال ہی میں ایران سے واپس آیا ہے اور سہراب گوٹھ میں مسافروں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ، ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان کو اسلحہ اور ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالےکردیاگیا ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں