پنڈی ٹیسٹ: شاہینوں کی بیٹنگ بنگلا دیش کیخلاف بھی لڑکھڑا گئی، 3 کھلاڑی آؤٹ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، گرین شرٹس کی جانب سے میچ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔

قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی صرف 16 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق کوئی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 14 گیندوں پر محض 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق کے بعد آنے والے قومی کپتان شان مسعود ایک بار پھر ناکام ہو گئے اور 11 گیندوں پر 6 رنز بنا کر شرف الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ 

قبل ازیں بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔

میچ صبح 10 بجے شروع ہونا تھا لیکن صبح سویرے سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں 10 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث گراؤنڈ گیلا ہوگیا، میچ آفیشلز نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جبکہ گراؤنڈ کو خشک کرنے کا کام جاری رہا۔

بعد ازاں آفیشلز کی جانب سے معائنے کے بعد ٹاس ہوا جسے جیتنے کے بعد بنگلا دیش نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے دن کا کھیل دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا، پہلے روز 48 اوورز کا کھیل ہوگا۔

قومی سکواڈ

پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل ( نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں۔

بنگلا دیشی ٹیم
بنگلا دیش سکواڈ نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شرف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن پر مشتمل ہے۔

قبل ازیں دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پہنچیں، ٹیموں کو ہوٹلز سے سٹیڈیم تک آمد کے دوران شاہراہ پر ٹریفک نہیں تھی جبکہ کڑی سکیورٹی فراہم کی گئی۔

ٹیموں کی موومنٹ کے دوران راولپنڈی سے آئی جے پی راولپنڈی سیکشن پر میڑو بس سروس بھی مکمل بند رکھی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں