میں لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھی: حریم فاروق کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں انہیں احساس ہوتا تھا کہ وہ شاہی خاندان کا حصہ ہیں اور وہ ہر وقت لیڈی ڈیانا کی طرح شہزادی بننے کے خواب دیکھتی تھیں۔

حریم فاروق نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں ان کے ہمراہ سویرا ندیم سمت بسمل کی ٹیم کے دیگر اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی لیڈی ڈیانا کی طرح شہزادی بننے کا شوق تھا اور وہ ہر وقت والدین سے یہی پوچھتی رہتی تھیں کہ ان کا شاہی خاندان سے کیا تعلق ہے؟

اداکارہ کے مطابق انہیں لگتا تھا کہ وہ شاہی خاندان کا حصہ ہیں اور انہیں صرف شہزادی بننے کا شوق ہوتا تھا لیکن والدین انہیں ہمیشہ ایسے خواب دیکھنے سے منع کرتے اور خاموش کراکر بٹھا دیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کے ذہن سے لیڈی ڈیانا بننے کا بھوت اترا تو انہوں نے سماجی رہنما مدر ٹریسا جیسا بننے کا سوچا، پھر میں نے غور کیا کہ مدر ٹریسا جیسا بننے کے لیے انہیں بہت ساری قربانیاں دینی پڑیں گی، انہیں بہت کچھ چھوڑنا پڑے گا جو کہ مشکل کام ہے، اس لیے انہوں نے وہ ارادہ بھی ترک کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں