بلوچستان میں دہشتگردی، تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کیساتھ سامنے لائیں گے: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے حوالے سے تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ تخریب کاری کے یہ واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے ، دشمن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہوں ، امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات میں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔

محسن نقوی کاکہنا تھا کہ کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست دے سکتا ہے تو یہ بھول ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقوں قلات اور موسیٰ خیل میں بزدلانہ حملے کر کے معصوم شہریوں اور فورسز کے جوانوں کو شہید کیا۔

موسیٰ خیل میں 23 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کیا گیا اور متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش بھی کیا گیا جبکہ قلات میں فائرنگ کرکے پولیس اور لیویز سمیت 10 افراد کو شہید کیا گیا۔

مستونگ میں لیویز تھانے پر مسلح افراد نے حملہ کر کے متعدد گاڑیاں نذر آتش کردیں اور تھانے کا ریکارڈ جلا دیا ۔

علاوہ ازیں بولان کے علاقے دوزان میں ریلوے پل کو گزشتہ رات دیر سے دھماکے سے تباہ کر دیا گیا جس سے ٹرین سروس معطل ہوگئی ، دھماکے سے ایک شخص جان کی بازی ہارگیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں