بلوچستان: مختلف مقامات پر حملے، فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 12 دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی : (دنیانیوز) سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ رات متعدد مقامات پر دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے ۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 اور 25 اگست کی رات دہشتگردوں نے بلوچستان میں متعدد جگہوں پر بزدلانہ حملے کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اِن حملوں کا مؤثر جواب دے رہے ہیں، جوابی کارروائیوں میں اب تک 12 دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :لورالائی: موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد قتل

یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقوں قلات اور موسیٰ خیل میں بزدلانہ حملے کر کے معصوم شہریوں اور فورسز کے جوانوں کو شہید کیا۔

موسیٰ خیل میں 23 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل  کیا گیا اور متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش بھی کیا گیا جبکہ قلات میں فائرنگ کرکے پولیس اور لیویز سمیت 10 افراد کو شہید کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :قلات: مسلح افرادکی فائرنگ، پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق

مستونگ میں لیویز تھانے پر مسلح افراد نے حملہ کر کے متعدد گاڑیاں نذر آتش کردیں اور تھانے کا ریکارڈ جلا دیا ۔

علاوہ ازیں بولان کے علاقے دوزان میں ریلوے پل کو گزشتہ رات دیر سے دھماکے سے تباہ کر دیا گیا جس سے ٹرین سروس معطل ہوگئی ، دھماکے سے ایک شخص جان کی بازی ہارگیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں