اے این ایف کی کارروائیاں ، 34 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد، 10 ملزمان گرفتار

اسلام آباد :( دنیانیوز/ویب ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 10 کارروائیوں کے دوران 34 کروڑ روپے مالیت کی 373 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 10 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جدہ جانے والے مسافر سے 783 گرام آئس برآمدکرلی گئی ۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 1.140 کلو گرام آئس اور 50 گرام ہیروئن برآمدکی گئی، چمن سے 190 کلوگرام ہیروئین برآمدکی گئی ، ایک اور کارروائی میں پسنی اور گوادر سے 100 کلو گرام چرس اور 22 کلوگرام افیون برآمدکرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر گاڑی سے 31.2 کلو گرام چرس اور 1.2 کلوگرام افیون برآمدکرکےملزم گرفتارکرلیا۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ ایک اور کارروائی کوئٹہ میں ریسٹورنٹ کے قریب کی گئی جہاں دو ملزمان سے 12 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ، پشاور روڈ راولپنڈی پر ملزم سے 6 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔

آر سی ڈی روڈ حب میں 3 ملزمان سے 6 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ، لاہور میں یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 2.6 کلو گرام چرس اور 260 گرام افیون برآمدکی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں