شافع حسین سے 13 ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز کی ملاقات، سرمایہ کاری بارے گفتگو

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے 13 ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے، سپیشل اکنامک زونزز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے، انڈسٹریل اسٹیٹس میں بہترین صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے، انڈسٹریل اسٹیٹس کی سولر انرجی پر منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 630 ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے، گارمنٹ سٹی مکمل طور پر سولر انرجی پر ہوگا، گارمنٹ سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو رہائش سمیت دیگر بہترین سہولتیں دی جائیں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سولر انرجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اب تک 21 سے زائد غیر ملکی سولر انرجی کمپنیوں سے مل چکا ہوں، چین کی ایک بڑی سرمایہ کارکمپنی اسی سال پنجاب میں سولر انرجی کا پلانٹ لگائے گی۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ چین کا ایک اور گروپ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا، فش انڈسٹری کے فروغ کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر اعزازی قونصل جنرلز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں