کراچی سے لاپتا دو شہری طویل عرصے بعد گھر پہنچ گئے

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سے لاپتا ہونے والے دو شہری طویل عرصے بعد گھر پہنچ گئے۔

سندھ ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی جہاں پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ طویل عرصے سے لاپتا 2 شہری بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی سے لاپتا حسین علی نقوی اور سر سید سے گمشدہ شہری محمد فیصل گھر پہنچ گئے، سندھ ہائیکورٹ نے دونوں لاپتا شہریوں کی بحفاظت گھر واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

عدالت نے کلفٹن سے لاپتا شہری یاسین کے اہلخانہ کا ڈی این اے سیمپل لینے کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ اے وی ایل سی، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں سے معلومات حاصل کرلی ہیں، کسی ادارے نے شہری یاسین کو تحویل میں نہیں لیا جبکہ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سچل سے لاپتا شہری ثاقب کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کردیا گیا ہے۔

عدالت نے دیگر لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں