عمران خان نے وکلاء و سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کیلئے متفرق درخواست دائر کردی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وکلاء اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کیلئے اسلام آبا د ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی، درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں اور وکلاء کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق 6 وکلاء اور 6 سیاسی رہنما ہفتے میں دو دن ملاقات کرسکتے ہیں، جیل حکام فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہیں کررہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اس وقت کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں کاٹ رہے، بانی پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملاقاتوں سے متعلق 26 فروری کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے، بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر کارروائی کی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں