عمران خان عدالتوں میں بے گناہی ثابت کریں،این آر او نہیں ملے گا: احسن اقبال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتوں میں بے گناہی ثابت کریں، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں فائیو سٹار سہولیات ملی ہوئی ہیں، کبھی یہ سٹریچر پر چیخیں مارتے ہیں تو کبھی کہیں، کیا کبھی کسی نے رانا ثنااللہ،خواجہ آصف اور احسن اقبال کی چیخیں سنی تھیں، ہم نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے، ان کی آپ روز چیخیں سنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سچ سننے کا حوصلہ پیدا کریں، آج ان کے ساتھ جوکچھ ہورہا ہے کسی کا کیا ہوا نہیں، انہوں نے جو قبر دوسروں کیلئے کھودی ہوئی تھی آج اس میں خود گررہے ہیں، ہم نے امریکا کی کانگریس میں جاکر سینیٹرز کے پاؤں نہیں دبائے تھے، ہم نے پاکستان کی عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کی تھی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بتائیں 190ملین پاؤنڈ کا غبن کس نے کیا، آپ نے کس کے کہنے پر تحفے بیچے ہیں؟ آپ دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے، آج آپ کو کہا جارہا ہے رسیدیں دکھائیں تو آپ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اصل میں یہ این آر او مانگ رہے ہیں کہ ان کے لیڈر کو باہر نکال دیا جائے، آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملے گا،بے گناہی ثابت کرنا پڑے گی، این آر او کی بھیک نہ مانگیں ،این آر او نہیں ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں