عمران خان پر جیل میں سختی شروع کردی گئی:علیمہ خان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان پر جیل میں سختی شروع کردی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی کے لوگوں کو اندر نہیں جانے دیا جاتا، 3 لوگوں سے زیادہ کسی کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا جاتا اس کی وجہ 8 ستمبر کا جلسہ ہے جس سے یہ خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل بھی صرف عمرایوب اور شبلی فراز کو جانے دیا گیا، آج بھی متعدد رہنماء باہر بیٹھے رہے، آج توشہ خانہ کی ضمانت کیلئے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں، جج صاحب نے بھی پیر کی تاریخ دے دی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اب یہ چاہتے ہیں عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جلد سزا دے دی جائے، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی تو ہائی کورٹ سے ضمانت میں لگ جائینگے، القادر ٹرسٹ کو بند کرینگے تو نقصان ان بچوں کا ہوگا جو وہاں دین کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناجائز کیسز بناتے چلے جارہے ہیں، ہم ایک سال سے یہ تماشہ دیکھ رہے ہیں، ہم کب تک ان کا تماشہ برداشت کرتے رہیں گے؟ شہبازشریف اور مریم نواز کی حکومت کا خوف بڑھتا جارہا ہے، ہم یہاں جو خواتین ہیں آجکل کی دہشت گرد ہیں ہم پر دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں