وزیر اعظم کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد، خیریت دریافت کی

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کرنے رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔

 پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر محمد شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا، وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑبھی موجود تھے۔

جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری ،مولانا اسعد محمود ،محمد اسلم غوری ،مولانا عبید الرحمان اور غلام علی، مولانا جمال الدین ،مفتی ابرار احمد ،جلال الدین ایڈووکیٹ نے بھی ملاقات کے دوران وہاں موجود رہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر آئے تھے اور ان سے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔ صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمان سے اسمبلی کے اندر اور اسمبلی سے باہر حکومتی پالیسیوں کو جاری رکھنے کے لیے تعاون مانگا تھا، اس پر مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں