یوکرین میں مغرب کا کردار: روس کا جوہری ہتھیاروں کا بیانیہ تبدیل کرنے کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین جنگ کے دوران مغربی ممالک کے جانب دارانہ کردار کے باعث روس نے اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا بیانیہ تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ میں مغرب کے اشتعال انگیز کردار کے جواب میں ہم اپنے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا بیانیہ تبدیل کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق سرگئی ریابکوف نے کہا کہ اس حوالے سے کام حتمی مراحل میں ہے اور یہ بات واضح ہے کہ درستی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا تعلق یوکرین تنازع میں ہمارے مغربی مخالفین کے اشتعال انگیز کردار سے جڑا ہوا ہے۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق نائب وزیرخارجہ نے واضح نہیں کیا کہ نیا جوہری بیانیہ کب تیار ہوگا تاہم کہا کہ اس کام کی تکمیل کا سوال مشکل ہے کیونکہ ہم اپنی قومی سلامتی یقینی بنانے کے بہت اہم پہلوؤں کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں