لاپتا روسی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، 17 لاشیں برآمد، 5 کی تلاش جاری

ماسکو: (ویب ڈیسک) لاپتا ہونے والے روسی ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کرلیا گیا، ملبے سے 17 لاشیں ملی ہیں جبکہ دیگر 5 کی تلاش جاری ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کو روس کا ایک ہیلی کاپٹر ملک کے مشرق بعید کے علاقے میں واقع جزیرہ نما کامچاتسکی میں اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہوگیا تھا، ہیلی کاپٹر پر 19 سیاح اورعملے کے تین افراد سوار تھے۔

روسی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ملبے اور اطراف سے 17 لاشیں ملی ہی جبکہ باقی پانچ کی تلاش کی جارہی ہے۔

ریسکیو ٹیموں کو پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی ڈھلوان پر بکھرا ہوا نظر آیا جس کے بعد وہاں فوری ریسکیو ٹیمیں پہنچیں، تاہم 22 افراد میں سے 17 کی لاشیں ملیں جبکہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ باقی پانچ افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اوران کی لاشیں بھی جلد تلاش کرلی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ اسی علاقے سے ملا ہے جہاں ریڈار سے ہیلی کاپٹر کا رابطہ منقطع ہوا تھا، لاپتا ہونے والا ہیلی کاپٹر ایم آئی ایٹ طرز کا فوجی ہیلی کاپٹر تھا جو روس میں نقل و حمل کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں