اپنے بیانیے پر قائم ،موجودہ جعلی اسمبلیوں کو تحلیل ہونا چاہیے: عبدالغفور حیدری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مرکزی رہنما جے یو آئی ف مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپنے بیانیے پر قائم ہیں کہ موجودہ جعلی اسمبلیوں کو تحلیل ہونا چاہیے۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ حکومت سے چیف جسٹس کی مدت ملازمت بارے ابھی بات نہیں ہوئی، جب یہ بات منظرعام پرآئےگی تودوسری پارٹیوں کا موقف سنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی ہم اپنےبیانیےپرقائم ہیں، یہ اسمبلیاں جعلی اوران اسمبلیوں کوتحلیل ہونا چاہیے، ہم صاف اورشفاف الیکشن چاہتےہیں، ابھی تک تحریک انصاف سےکوئی ملکراتحاد چلانےکا فیصلہ نہیں ہوا۔

مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ حکومت کولانےوالےجب تک چاہیں گےحکومت چلےگی، دونشستیں مانگنےوالےبیان کی تحریک انصاف نے بھی تردید کردی ہے، مولانا فضل الرحمان چھوٹی چھوٹی چیزوں پرعظیم مقاصد کوقربان نہیں کرسکتے، سینیٹ کی دونشستیں مانگنے والی بات نہیں ہوئی تھی۔

تحریک انصاف کے جلسے منسوخ ہونے کے سوال پر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ جلسہ کیوں موخرہوا یہ تحریک انصاف کا ذاتی معاملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا اعتراف کیا جائے، میثاق جمہوریت جیسا فارمولا سامنےآنا چاہیے، موجودہ صورتحال سےہم مطعمن نہیں ہیں، ملک کا سیاسی حل نکالنےکے لیے مل بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں، شفاف الیکشن سےمتعلق بات چیت ہوسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں