قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت آج طلب

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت آج شام 5 بجے ہو گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف پاکستان نیوی آرڈیننس 1961 میں ترمیم کا بل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تخشیہ بل 2024 منظوری کے لئے پیش کریں گے، خواجہ آصف بھنگ کے کنٹرول اور انضباطی اتھارٹی کے قیام کا بل بھی منظوری کے لئے پیش کریں گے۔

اجلاس میں ٹیلی کمیونیکیشن اپیلٹ ٹربیونل کے قیام کا بل منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 منظوری کے لئے پیش کریں گے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آرٹیکل 171 کے تحت مختلف رپورٹس ایوان میں پیش کریں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ معیشت کی کیفیت کے بارے سٹیٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کی رپورٹ برائے سال 23-2022 ، گورنر کی سالانہ رپورٹ برائے سال 23-2022 اور معیشت کی کیفیت کے بارے میں سٹیٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کی ششماہی رپورٹ برائے سال 24-2023 پیش کی جائے گی۔

علاوہ ازیں قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کی سالانہ رپورٹ برائے سال 24-2023 پیش کی جائے گی، بھکاری مافیا کے بیرون ملک منظم انداز میں جانے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں