صدر مملکت کا ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ، سیاسی استحکام پر زور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ایوان صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ، گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اے این پی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، سابق نگران وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان سمیت ملکی اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔

صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے پارلیمانی جمہوریت مزید مضبوط کرنے، سیاسی استحکام فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کیلئے سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے ۔

آصف علی زرداری نے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے، جمہوری ادارے مضبوط بنانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، معاشی خوشحالی کیلئے سیاسی، معاشی اور گورننس اصلاحات ناگزیر ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوامی فلاح کیلئے گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پُرعزم طریقے سے کام کرنا ہوگا، ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔

اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ نے استحکام ، عوامی ریلیف کیلئے مختلف تجاویز دیں، اراکین نے قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر مملکت کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں