کھیل کی ہر ایسوسی ایشن سیاست کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے، ملک محمد احمد خان
لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان محکمہ سپورٹس میں سیاسی عہدوں پر تعینات سیاستدانوں کی بھرتیوں پر غصہ میں آ گئے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ کھیل کی ہر ایسوسی ایشن سیاست کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے، میرے سے بڑی عمر کے سیاسی لوگ محکمہ سپورٹس کی مختلف ایسوسی ایشنز میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت سپورٹس سے سیاست کو مکمل طور پر باہر نکالے، ہماری سپورٹس کو سیاست نے مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، اپنی ایسوسی ایشنز کو مکمل سیاست سے پاک کر دیں۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ سپورٹس کمپلیکس کے یہ حال ہیں کہ لوگوں سے پیسے لے کر ممبر شپ دے رہے ہیں، سپورٹس کمپلیکس بند پڑے ہوئے ہیں، بڑی بڑی گھاس اگی ہوئی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کی بھی حکومت آئی اس نے کبھی سپورٹس پر توجہ نہیں دی ، وزیر اعلیٰ پنجاب بھرپور انداز میں سپورٹس کو سپورٹ کر رہی ہیں، اس سے زیادہ وہ سپورٹ نہیں کر سکتیں۔