ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی پھر سے بڑھنے لگی، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 44 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریا ت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 13 اعشاریہ 18 فیصد ہو گئی، ایک ہفتے میں 21 اشیاء مہنگی،10 اشیاء سستی ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 21 روپے 89 پیسے ، پیاز فی کلو 8 روپے 87 پیسے، چکن فی کلو 16روپے 75پیسے مہنگا ہوا، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 62روپے 80پیسے مہنگا ہو گیا۔

لہسن13روپے فی کلو اور دال چنا 5روپے 10پیسے مہنگی ہوگئی ،ایل پی جی ،دال مونگ ، گھی، چائے، چاول بھی مہنگی ہو نے والی اشیا میں شامل ہیں۔

ایک ہفتے میں انڈے 4 روپے43 پیسے فی درجن سستے ہوگئے، چینی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو، کیلے کی قیمت بھی فی درجن 2 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، آلو ، پیٹرول، ڈیزل ،دال ماش اور گڑ بھی سستی ہو نے والی اشیا میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق بریڈ، جلانے کی لکڑی سمیت 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں