لبنان کی خود مختاری کیخلاف کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہیں: سعودیہ، مصر

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور مصر نے کسی بھی ایسے انتظامات یا طریقہ کار کو مسترد کر دیا ہے جو لبنان کی حفاظت اور خودمختاری کو متاثر کرے۔

مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان فون کال پررابطہ ہوا، دونوں وزراء نے لبنان کی صورتحال اور خطے میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

مصری وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان تمیم خلاف نے کہا کہ دونوں وزراء نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے، دونوں نے موجودہ بحران کے دوران لبنان اور لبنانی عوام کے ساتھ مصر اور سعودی عرب کی مکمل یکجہتی پر زور دیا۔

دونوں وزرا نے لبنانی عوام کو انسانی ہمدردی کے تمام پہلوؤں کی فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور لبنانی ریاست کو اس کے تمام اداروں کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی اور پوری لبنانی سرزمین پر اپنی خودمختاری کو بڑھانے کے قابل بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں