پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز، سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں: میکسویل

میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، ہم آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں۔

گلین میکسویل نے میلبرن میں آسٹریلیا کے سمر کرکٹ فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا غیر متوقع ہونا ٹیم کو ٹف بنا دیتا ہے، ماضی میں ہمیں پاکستان کے خلاف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، پاکستانی ٹیم مختلف اوقات میں بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے آپ یہ نہیں جان سکتے کہ آپ کو ان سے کیا توقع کرنی چاہیے، ہمیں بابر اعظم کے اوپر نظر رکھنا ہو گی، وہ ایک سپر سٹار کھلاڑی ہیں۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے بال کے ساتھ ایک جادوگر فاسٹ باؤلر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، ہم آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں، ہم سیریز کی تیاری کر رہے ہیں، ہمیں برتری برقرار رکھنے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا، ہم اس سیریز کو آسان نہیں لے رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آئندہ ماہ وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، اس سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں