پشاور میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس متاثر، صارفین پریشان
پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس متاثر ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں مختلف مقامات پر موبائل فون کے سگنل غائب ہو گئے، شہر میں انٹر نیٹ سروس بھی انتہائی سست ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں کئی روز سے موبائل نیٹ ورک جزوی متاثر ہے جس کی وجہ سے آن لائن لین دین کے معاملات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک انٹر نیٹ میں خلل اور سست روی ختم ہو جائے گی۔
پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق 20 اکتوبر تک ویب مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب اور اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی، ڈبلیو ایم ایس کی تنصیب سے انٹرنیٹ سسٹم پر حملے کو بھی روکا جا سکے گا۔