کراچی: موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کرکے دکاندار قتل کر دیا
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کر دیا۔
واقعہ نارتھ ناظم آباد اصغر علی شاہ سٹیڈیم حسرت موہانی لائبریری کے قریب پیش آیا، ایس ایچ او عدیل احمد نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 55 سالہ آصف کے نام سے کی گئی جو کہ ایم اے جناح روڈ اورنگزیب مارکیٹ میں موٹر سائیکلوں کے سپیئر پارٹس کی دکان کا مالک تھا اور دکان سے اپنے گھر جا رہا تھا، کار میں مقتول کا بھائی اور ایک ملازم بھی ساتھ تھا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آصف کار خود چلا رہا تھا، موٹر سائیکل سوار افراد نے کار روکنے کا اشارہ کیا اس دوران انہوں نے گاڑی پیچھے لیجانے کی کوشش کی تو ملزموں نے اس پر گولی چلا دی، گولی سینے پر لگنے سے آصف شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں فوری ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔
ایس ایچ او کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ موٹر سائیکل سوار ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، لوٹ مار کی کوئی واردات نہیں ہوئی، پولیس واقعہ کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔