وفاقی آئینی عدالت کا قیام قائداعظم کا خواب تھا : بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے سب سے پہلے وفاقی آئینی عدالت کی تجویز پیش کی اور وفاقی آئینی عدالت کا قیام قائداعظم کا خواب تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی 1931 میں پیش کردہ تجویز تقریباً پیپلزپارٹی کی پیش کردہ تجویز سے مماثلت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کے لیے وفاقی آئینی عدالت، ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیل کے لیے سپریم کورٹ اور ایک فوجداری اپیل کی عدالت کی تجاویز دیں۔

چیئرمین پی پی پی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ قائداعظم نے کہا کہ شہری کے حقوق پر حملے کا معاملہ براہ راست وفاقی عدالت میں جانے کا حق حاصل ہونا چاہیے، اس طرح کی حد بندی کے ساتھ، وفاقی عدالت اتنی زیادہ مصروف نہیں ہوگی اور اس لیے مقدمات کو جلد نمٹایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے مطابق اس عدالتی نظام کا ایک اور فائدہ یہ ہوگا کہ الگ وفاقی عدالت کی تقرری کے دوران ایسے افراد کا انتخاب کریں جو آئینی معاملات میں خاص مہارت رکھتے ہوں، تو آپ ایسا نظام قائم کریں گے جو سب سے زیادہ قابل ترجیح ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم نے گول میز کانفرنس میں آئینی عدالت کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’صبح کے وقت آپ ہندو قانون کے ایک پیچیدہ سوال پر دلائل دے رہے ہوتے ہیں، اور دوپہر میں آپ روشنی اور ہوا اور آسانی کے معاملات پر بحث کررہے ہوتے ہیں، اگلے روز آپ ایک تجارتی مقدمے کو دیکھ رہے ہوتے ہیں، اور تیسرے روز آپ شاید ایک طلاق کے مقدمے سے نمٹ رہے ہوتے ہیں، اور چوتھے روز آپ ایک ایڈمرلٹی مقدمے کی سماعت کررہے ہوتے ہیں ۔

سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  یہ قائداعظم کی جانب سے عدالتوں پر غیر ضروری بوجھ کو کم کرنے کا حل تھا جو ان کو دیے گئے وسیع دائرہ اختیار کی وجہ سے تھا، قائداعظم کی تجاویز بعد میں جرمنی کے 1949 کے بنیادی قانون سے بھی مماثلت رکھتی تھیں جس نے وفاقی آئینی عدالت قائم کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں