جبری مشقت کیلئے اغوا کیے گئے 29 لڑکے بازیاب، ملزمان گرفتار
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے اغوا کیے گئے 29 لڑکوں کو بازیاب کراکے 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور نے بتایا کہ اغواکار گروہ کی قید سے 29 بچوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا ہے، اغواکار نوعمر لڑکوں کو لاہور اور دیگر شہروں سے روزگار کا جھانسہ دیکر آزاد کشمیر لاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اغواء کار لڑکوں سے پہاڑوں میں جبری مشقت کراتے، جنسی زیادتی اور بہیمانہ تشدد کا بھی نشانہ بناتے تھے، اغواکار نوعمر لڑکوں کو مشقت کا معاوضہ بھی نہ دیتے بلکہ تشدد کے بعد کمروں میں بند کر دیتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمروں کے باہر سکیورٹی گارڈز کھڑے رہتے تھے تاکہ یہ بچے بھاگ نہ سکیں،بازیاب ہونے والے لڑکوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان ہیں جن کے ورثا کا پتا چلایا جا رہا ہے۔