فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کا ریڈ بال کرکٹ سے کنارہ کشی پر غور

ملتان: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی موجودہ صورتحال پر مایوس ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی نے قریبی دوستوں سے گفتگو میں ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے، نوجوان فاسٹ باؤلر وائٹ بال کرکٹ پر فوکس رکھنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں بابر اعظم، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

ٹیم ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو دو ٹیسٹ میں آرام دیا گیا ہے جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ از خود ٹیسٹ سے دستبردار ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ کو عدم دستیابی سے آگاہ کیا، آج صبح تک دونوں فاسٹ باؤلر ٹیم کا حصہ تھے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم سمیت چار ٹاپ کھلاڑیوں کو اس لیے آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ نئے سرے سے تازہ دم ہوکر واپس آ سکیں۔

واضح رہے کہ 24 سالہ شاہین آفریدی پاکستان کی جانب سے 31 ٹیسٹ میں 116 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں