عدالتوں میں آئے روز حکومت کے جعلی مقدمات کی قلعی کھل رہی ہے: بیرسٹر سیف
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عدالتوں میں آئے روز حکومت کے جعلی مقدمات کی قلعی کھل رہی ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پشاورکے رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں کی 9 مئی مقدمات میں رہائی خوش آئند ہے، 9 مئی کے مقدمات میں رہائی سے ثابت ہوا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو جعلی مقدمات میں پھنسایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی عدالت نے بھی کل خیبرپختونخوا کے سینکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں کو باعزت بری کر دیا، امید ہے عمران خان اور یاسمین راشد سمیت دیگر کارکن بھی جلد رہا ہوجائیں گے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے جسے وہ بخوبی قبول کر رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت اور کارکن فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔