سنگجانی میں قیدی گاڑیوں پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سنگجانی میں قیدی وینز پرحملے کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قیدی وینز پر ڈیوٹی کرنے والے 3 اے ایس آئیز سمیت 13 اہلکار معطل کردیئے گئے ہیں، تمام 13 اہلکاروں کی سی ڈی آر نکلوا لی گئی ہے، معطل اہلکاروں میں 3 اے ایس آئیز، 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبل شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمان اور ملاقاتیوں نے احاطہ عدالت اور اے ٹی سی گیٹ پر نعرے بازی کی، کچھ افراد نے قیدی وین کا تعاقب بھی کیا، قیدی وین ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں نے تمام معاملات پر افسران کو بروقت آگاہ نہیں کیا۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جی ٹی روڈ ٹول پلازہ کے قریب پولیس قیدی وینز پر نامعلوم افراد نے حملہ کر کے متعدد قیدیوں کو چھڑوا لیا تھا، گاڑیوں میں اٹک جیل سے پیشی کیلئے لائے جانے والے قیدی سوار تھے، قیدیوں میں زیادہ تعداد پی ٹی آئی احتجاجی کارکنوں کی تھی تاہم پولیس نے تمام مفرور قیدیوں اور حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں