ریلوے کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے: عبدالعلیم خان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ریلوے کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت فوکل گروپ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک اور اس سے منسلک مسائل و اہم امور کا جائزہ لیا گیا، فوکل گروپ نے چین کے اشتراک سے ریلوے ٹریک کی تعمیر میں درپیش مشکلات کے حل پر بھی غور کیا۔

اس موقع پر کراچی پورٹ سے پشاور تک تیز ترین ریلوے ٹریک کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلاعات کا کہنا تھا کہ کم خرچ اور تیز ترین کارگو سروس سے ریلوے منافع بخش ہو سکتی ہے، چین اور روس پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ریلوے میں بہتری کیلئے قرض نہیں نجی شعبے کو سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عارضی ریلیف نہیں، ریلوے کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، صارفین کی توقعات کے مطابق ریلوے کارگو کو پرائیویٹ سیکٹر سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جدید ریلوے سے پاکستان، ایران، چین اور وسط ایشیائی ممالک تک منسلک ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں