پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے کو کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے کو کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرِ صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کی نجکاری سمیت مختلف امور پر غور اور سفارشات کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نجکاری کے معاملات قوانین و ضوابط اور ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہوں گے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے امور کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کرنا ہے۔

انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے لیے آئندہ پیشکش کا عمل بہتر سے بہتر بنایا جائے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی بلاتاخیر نجکاری کو آگے بڑھایا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حلف کے پابند ہیں، ملک و قوم کی بہتری کے لیے جو کچھ ہوا ضرور کریں گے، پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ پری کوالیفائی کرنے والے ادارے کو نجکاری عمل سے نہیں نکال سکتا۔

علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل سے سیکھنے اور آئندہ اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اداروں کی نجکاری اور پری کوالیفائی کے لیے شرائط و ضوابط کو مزید پرکشش بنایا جائے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نجکاری کے عمل میں ممبران کی شرکت کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں