ڈی چوک احتجاج کے 188ملزمان ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش،61 رہا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت میں ڈی چوک میں احتجاج کے معاملہ پر تین تھانوں کی پولیس نے گرفتار 188 ملزمان پیش کر دیئے۔

ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے 61 ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔

ملزمان کی جانب سے وکیل انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے ، سہالہ پولیس نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد 31 ملزمان کو عدالت پیش کیا، پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عالت نے مسترد کرکے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اسی طرح تھانہ آبپارہ پولیس نے 94 ملزمان کو عدالت پیش کیا،عدالت نے چار ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج ،90 ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ تھانہ ترنول پولیس نے 63 ملزمان کو عدالت پیش کیا عدالت نے 57 ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا چھ ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کو بھی عدالت نے ملزمان کو ڈسچارج کیا تھا پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈسچارج ملزمان کی ہتھکڑی کھولی جائے اور دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے، ہفتہ والے دن کا کام اگر دوبارہ دوہرایا گیا تو تمام ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دوں گا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا پولیس وین تک آگئے اور ڈسچارج ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کی تمام پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں