کے پی حکومت رواں سال بجٹ میں ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور استعمال میں مسلسل ناکام
پشاور: (عامر جمیل) خیبرپختونخوا حکومت رواں سال بجٹ میں ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور استعمال میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی دستاویز ’’دنیا نیوز‘‘ کو موصول ہوگئیں۔
دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں صرف 13 فیصد ترقیاتی فنڈ استعمال کیا، 417 ارب روپے کے مجموعی ترقیاتی فنڈ میں صرف 85 ارب روپے جاری کئے گئے، مختلف محکموں نے جاری ترقیاتی فنڈ میں سے صرف 57 ارب روپے خرچ کئے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ بندوبستی اضلاع کے 297 ارب روپے میں سے صرف 46 ارب 70 کروڑ خرچ ہو سکے۔
قبائلی اضلاع کے 119 ارب 71 کروڑ کے ترقیاتی فنڈ میں سے صرف 10 ارب روپے خرچ ہوئے، قبائلی اضلاع میں ایکسائز، خزانہ، صنعت سمیت 9 محکموں نے ایک پائی بھی استعمال نہیں کی۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے جاری فنڈز میں 55.72 فیصد خرچ کئے گئے۔