کورین پیداواری مراکز کو پاکستان منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور کوریا کے درمیان معاشی شراکت داری معاہدے کے مذاکرات کا آغاز ہو گیا، کورین پیداواری مراکز کو پاکستان منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کوریا کے وزیر تجارت انکیو چیونگ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیئے، معاشی شراکت داری معاہدہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور کوریا کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 1.3 بلین ڈالر ہے جس میں مزید اضافے کی توقع ہے، کوریا کے وزیر تجارت نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت پر زور دیا۔

کوریا کے وزیر تجارت نے کورین پیداواری مراکز کو پاکستان منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر دیا، پاکستان کو مشرقی افریقہ اور وسطی ایشیا کے لیے تجارتی مرکز بنانے کا منصوبہ ہے۔

کورین وزیر تجارت مذاکرات کی قیادت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے، ای پی اے نے مذاکرات جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون، ڈیجیٹل تجارت اور ماحولیاتی تحفظ معاہدے کے اہم نکات میں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں