دوسرا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف دے دیا

ٹرینیڈاڈ: (دنیا نیوز) دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جیت کیلئے ویسٹ انڈیز کو 181 رنز کا ہدف دے دیا جبکہ میچ کو 35 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت پر پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم پہلے جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور صائم ایوب 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسری وکٹ بابر اعظم کی گری جو بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

تاہم 16 اوورز کا میچ مکمل ہونے پر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو تقریباً ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا، بارش ختم ہونے پر اوورز میں بغیر کسی رد وبدل کے میچ کو دوبارہ شروع کردیا گیا، پاکستان کی تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 26 رنز بناکر چلتے بنے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 16، حسین طلعت 31 اور سلمان آغا نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔

33.5 اوورز میں جب پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے تو بارش نے دوبارہ انٹری مار دی جس کے باعث میچ کو ایک بار پھر روک دیا گیا۔

قبل ازیں ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ون ڈے سیزیز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریزمیں 0-1 کی برتری حاصل کر چکی ہے اور آج کی فتح سے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں