کویت میں انرجی ڈرنکس کی خریداری کیلئے عمر کی حد مقرر

کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) کویت میں انرجی ڈرنکس کے استعمال کو قابو میں لانے کے لئے حکومت نے سخت قوانین نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کے لئے ان مشروبات کی خرید و فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت کی وزارتِ صحت نے انرجی ڈرنکس کی تیاری، درآمد اور فروخت کو ضابطے میں لانے کے لیے ایک نیا وزارتی حکم نامہ جاری کیا ہے، اس فیصلے کے مطابق اب انرجی ڈرنکس صرف بالغ افراد ہی خرید سکیں گے۔

نئے قواعد کے تحت ایک فرد دن میں زیادہ سے زیادہ دو بوتلیں استعمال کر سکتا ہے، جبکہ ہر 250 ملی لیٹر بوتل میں کیفین کی مقدار 80 ملی گرام سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، حکام نے پروڈیوسرز اور درآمد کنندگان کو پابند کیا ہے کہ وہ بوتلوں پر صحت سے متعلق واضح انتباہی پیغامات درج کریں۔

حکومتی فیصلے کے مطابق انرجی ڈرنکس کی تشہیر، اشتہارات اور سپانسرشپ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، مزید برآں تعلیمی اداروں جیسے سکولوں، کالجوں، جامعات اور دیگر تربیتی مراکز میں ان مشروبات کی فروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔

اسی طرح سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹس، کیفے، دکانوں، فوڈ ٹرکس، وینڈنگ مشینوں اور آن لائن آرڈر یا ڈیلیوری سروسز کے ذریعے بھی انرجی ڈرنکس فروخت نہیں کی جا سکیں گی۔

البتہ ان مشروبات کی فروخت صرف کوآپریٹو سوسائٹیز اور مخصوص مارکیٹوں میں، متعین جگہوں پر اور متعلقہ اداروں کی کڑی نگرانی میں ممکن ہو گی، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام خصوصاً نوجوانوں کی صحت کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں