احسن اقبال کی توانائی کے زیرِ تکمیل منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے زیر تکمیل توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی ہدایت جاری کر دی۔

وفاقی دارالحکومت میں  احسن اقبال کے زیر صدارت بجلی اور ہائیڈل منصوبوں پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں 2.1 ٹریلین روپے کے پاور اور ہائیڈل منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے تین سالہ عملی منصوبہ طلب کرلیا گیا، حکام نے احسن اقبال کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے 37 بڑے منصوبے جن کی مجموعی لاگت 1.7 ٹریلین روپے ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ جون 2025 تک 1.1 ٹریلین روپے خرچ ہوئے اور 492 ارب روپے تھرو فارورڈ رہا، مالی سال 26-2025 کے لیے 104.7 ارب روپے مختص کئے گئے۔

دوسری جانب اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ وزیرِ منصوبہ بندی کی تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی کیوں کہ تاخیر سے لاگت میں اضافہ اور معاشی فوائد میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

اعلامیہ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ جامشورو کول پاور پلانٹ اور داسو ہائیڈرو منصوبہ زیرِ غور آیا، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی ہدایت بھی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں