عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام کب شروع ہو گا؟ تاریخ سامنے آگئی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) عازمین حج 2026ء کے لیے تربیتی پروگرام کب شروع ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان کی زیر صدارت نصاب کمیٹی برائے تربیت حجاج کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ عازمین حج 2026 کے لیے تربیتی پروگرام یکم جنوری سے شروع ہو گا۔
ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے کہا کہ ایک روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کرنا لازمی ہو گا، عازمین حج اپنے شیڈول کے مطابق تربیتی پروگرام میں لازمی شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی شیڈول کی اطلاع بذریعہ پاک حج 2025 موبائل ایپ، ویب سائٹ اور SMS کے ذریعے کی جائے گی، تربیتی پروگرام عازمین حج کی مناسک اور انتظامی امور سے درست آگہی کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سربراہ نصاب کمیٹی جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان نے بتایا کہ وزارت اور حاجی کیمپوں کے تجربہ کار ماسٹر ٹرینرز اور علما ملٹی میڈیا کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔
ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان، فہد احمد، رانا محمد مجاہد اور دیگر ماسٹر ٹرینرز بھی شرکت کریں گے۔